لاہورکی”ہیرامنڈی”پرفلم، منشاپاشا نے سوال اٹھادیئے

 


اداکارہ منشا پاشا نے بالی وڈ فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی کی جانب سے لاہور کی ’ہیرا منڈی‘پر فلم بنانے کے اعلان پر ردعمل کا اظہار کیاہے ۔

منشا پاشا نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ بھارت لاہور کی بدنام زمانہ ہیرا منڈی پر فلم بنارہا ہے کیونکہ ہم ایک ایسے ملک میں رہتے ہیں جہاں افسانوی کہانیاں سینسر ہوتی ہیں اور جہاں ہر کوئی قابل قبول افسانے کیا ہے کیا نہیں سے متعلق بحث کرتا ہے تو دوسروں کو بیشتر مواقع حاصل ہوجاتے ہیں۔

منشا پاشا نے کہا کہ دوسرے ہمارے آبائی نظریات پر فلمیں بناتے ہیں انہیں برانڈ بناکر فروخت کرتے ہیں،افسوس آخر میں یہ رہ جائے گا کہ ہم اپنی کہانیاں دوسروں کے منہ سے سنیں گے ۔

گزشتہ دنوں بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق کامیاب ترین ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی اس پروجیکٹ پرگزشتہ 13 سال سے کام کررہے تھے اور یہ ویب فلم او ٹی ٹی پلیٹ فارم نیٹ فلکس پر پیش کی جائے گی،فلم کی عکسبندی کا آغاز 2021 کی پہلی سہہ ماہی میں کیا جائے گا۔

فلم کی کاسٹ کیلئے عالیہ بھٹ کے نام کو حتمی شکل دے دی گئی ہے ، اس کے علاوہ دیگر اے کلاس اداکاراوں ایشوریہ رائے، مادھوری ڈکشٹ، دپیکا پڈوکون اورودیا بالن کے ناموں پرغورکیا جارہا ہے۔

اس سے قبل یہ قیاس آرائیاں بھی کی جارہی تھیں کہ سنجے لیلا بھنسالی کی آنے والی فلم گنگوبائی کاٹھیا واڑی اور ہیرا منڈی ایک ہی منصوبہ ہیں، تاہم یہ طوائفوں سے متعلق 2 مختلف اسکرپٹس ہیں۔ ہیرامنڈی لاہور میں ریڈ لائٹ ایریا سے متعلق ہے جبکہ گنگوبائی کاٹھیا واڑی کی کہانی ممبئی کے علاقے کماٹھی پورا میں قحبہ خانے کی مالکن کے حقیقی کردار کے گرد گھومتی ہے۔

Comments